2018ء کے انتخابات کو لٹیروں کیلئے یوم حساب بنا دیں گے: سراج الحق

31 جنوری 2018

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سرا ج الحق نے کہا ہے ملک میں امن وامان کی صورتحال دن بدن خراب ہورہی ہے، حکومت کی ساری توجہ آئندہ انتخابات میں اپنی پارٹی کو کامیاب کرانے پر مرکوز ہے۔ نااہل وزیراعظم عدلیہ کے خلاف مہم چلا رہے ہیں اور وزیراعظم کا پروٹوکول اورسرکاری وسائل استعمال کررہے ہیں، ان کا پورا خاندان سرکاری وسائل استعمال کرتا ہے۔ سرکاری وسائل کا استعمال کرپشن نہیں تو اور کیا ہے؟ سٹریٹ کرائم اتنے بڑھ گئے ہیں کہ ہر شہری اپنی جان اور عزت کو غیر محفوظ سمجھتا ہے۔ ایم ایم اے سیکولر اور لبرل پارٹیوں کا راستہ روکنے کیلئے عمل میں آئی ہے۔ حکمرانوںنے ہمیشہ قوم کو سبز باغ دکھا کر لوٹ مار کی اور اپنے بنگلوں اور بنک اکائونٹس میں اضافہ کیا۔دینی مدارس کے لاکھوں طلبہ ایم ایم اے کا ہراول دستہ ہونگے ۔ 2018کے انتخابات کو چوروں اور لٹیروں کیلئے یوم حساب بنادیں گے ۔تیمرگرہ ریسٹ ہائوس میں جمعیت طلبہ عربیہ کی تحفظ مدارس و سا لمیت پاکستان کانفرنس سے خطاب اورر تیمرگرہ ہسپتال میں تین نئے وارڈز کے افتتا ح کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سراج الحق نے کہا کہ پانامہ ،لندن ،دبئی میں چھپائی گئی پانچ سو ارب ڈالر کی دولت پاکستان کے غریب عوام کی ہے ،حکمرانوں سے یہ دولت واپس لینا احتساب کے اداروں اور سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے۔ چیئرمین نیب عوام کو بتائیں کہ اتنے عرصہ تک انہوں نے بلند و بانگ دعوئوں کے باوجود کرپشن کے بڑے بڑے مگر مچھوں کو کیوں گرفتار نہیں کیا، چھوٹی مچھلیوں کو پکڑنا کوئی معرکہ نہیں ۔ قوم چوروں کے ٹبر کی گرفتاری چاہتی ہے ۔کراچی سے چترال تک ان لٹیروں کا ایک نیٹ ورک موجود ہے ۔ان پر ہاتھ ڈالا اور پوچھا جائے کہ کیا تمھاری سیاست اور جمہوریت کا مقصد قوم کو غربت ،جہالت اور بدامنی میں مبتلا رکھنا اور عوام پر مہنگائی بے روز گاری، بدامنی لوڈشیڈنگ مسلط رکھنا ہے۔ ہمیں تمھاری یہ سیاست قبول نہیں ہے اور آئندہ تمھیں ایسی سیاست کرنے کا موقع نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو دینی جماعتیں ابھی تک متحدہ مجلس عمل میں شامل نہیں ہیں ہم مسلسل ان سے رابطہ میں ہیں۔