نفرتوں کو فروغ دینے والے کسی کا بھلانہیں کر سکتے‘ مصطفی کمال
کراچی (خصوصی رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ پاک سرزمین پارٹی کا منشور کراچی کی ترقی اور ملک میں خوشحالی کا باعث بنے گا اور ملک کی ترقی اور آئندہ آنے والی نسلوں کی بقاءپاک سرزمین پارٹی کی کامیابی سے مشروط ہے کیونکہ پاک سرزمین پارٹی کا منشور اور اس کی جاری جدوجہد ہی پاکستان اور اس کی عوام کے مسائل کا واحد حل ہے ہمارا مقصد عوام کی بے لوث خدمت کرنا ہے اور تمام مذاہب رنگ و نسل سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک جگہ جمع کرنا چاہتے ہیں ہم اپنے سیاسی و لسانی مخالفین سے بھی دشمنی نہیں چاہتے‘ ہمارا نظریاتی اختلاف ضرور ہو گا لیکن ہم اپنی دعوت کا کام نہیں روکیں گے ان خیالات اظہار انہوں نے گزشتہ روز پی ایس پی کے تحت کورنگی حلقے این اے 254 میں منعقد جنرل ور کرز اجلاس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرصدر انیس قائم خانی‘ سیکرٹری جنرل رضا ہارون‘ نیشنل کونسل کے رکن نیک محمدسمیت مائیں ‘ بہنیں ‘ بزرگوں سمیت نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد میں موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ پی ایس پی ایک گلدستہ ہے جس میں تمام قومیتوں‘ سیاسی جماعتوں مسالک اور مذاہب کے لوگ جو ق در جوق شامل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا پیغام پورے پاکستان میں پھیل رہا ہے اور 2023ءمیں پی ایس پی پورے پاکستان میں ہو گی‘ پاک سر زمین پارٹی کے نظریے کی کامیابی ہے اور 2018ءمیں پاک سرزمین پارٹی صوبہ سندھ میں اپنی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ مہاجروں کا فخر یہ ہے کہ وہ پورے ملک میں کہیں بھی جائیں لوگ انہیں گلے سے لگائیں نفرتوں کو فروغ دینے والے قوم کا کوئی بھلا نہیں کر سکتے انہوں نے کہاکہ آج تمام قومیتوں کے لوگوں مہاجر قائدین کا بھرپور استقبال کرتے ہیں کیونکہ ہمیں لوگوں کو جوڑنا ہے نہ کہ تفریق ڈال کر سیاست کرنی ہے۔
مصطفی کمال