نیب میں اکھاڑ پچھاڑ، عرفان نعیم منگی ڈی جی راولپنڈی تعینات

31 جنوری 2018

اسلام آباد (نامہ نگار) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جاوید اقبال نے فاروق نصر اعوان کو ڈی جی ٹریننگ اینڈ ریسرچ، عرفان نعیم منگی کو ڈی جی راولپنڈی، ناصر اقبال کو ڈی جی آگاہی و تدارک، مرزا محمد عرفان بیگ کو ڈی جی بلوچستان اور فرمان اﷲ کو ڈی جی کے پی کے تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے نیب میں اکھاڑ پچھاڑ شروع ہو گئی ہے اور تمام ٹرانسفرز کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ قومی احتساب بیورو کے چیئرمین نے تمام افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے فرائض قانون کے مطابق سرانجام دیں اور تمام شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشن پہلے سے طے شدہ وقت کے اندر قانون اور شواہد کی روشنی میں منطقی انجام تک پہنچائیں کیونکہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نہ صرف ہماری اولین ترجیح ہے بلکہ قومی ذمہ داری ہے۔