راولپنڈی اسلام آباد میں بوندا باندی سے موسم سرد‘ بالائی علاقوں میں بارش‘ پہاڑوں پر برفباری کا امکان

31 جنوری 2018

اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید سرد ہے۔ گزشتہ شب راولپنڈی اسلام آباد میںرات گئے ہونے والی بوندا باندی سے سردی مزید بڑھ گئی۔ جڑواں شہروں میں درجہ حرارت 4 ریکارڈ کیا گیا۔ ادھر پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ پھر سے شروع ہوگیا۔ دیر بالا کے پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ سیاحوں کی بڑی تعداد موسم کا مزا لینے پہنچ گئی۔ گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں شدید سردی میں منجمد خلتی جھیل سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، بچوں نے جھیل کو کھیل کا میدان بنا لیا، خوب ہلہ گلہ کیا۔ صبح کے وقت سکردو میں پارہ منفی 7، قلات میں منفی 4 اور راولا کوٹ میں منفی 3 تک رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہے گا۔

موسم سرد