نیب خواجہ آصف کیخلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تحقیقات کرے: تحریک انصاف

31 جنوری 2018

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین نیب کے نام ایک مراسلہ ارسال کیا گیا ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے ارسال مراسلے میں چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے خواجہ آصف کے خلاف منی لانڈرنگ اور کرپشن کی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا ۔مراسلے میں عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف 2013سے اہم ترین وزارتوں پر فائز چلے آ رہے ہیں،خواجہ آصف کی منی لانڈرنگ اور مالی بد عنوانیوں کے واضح اور دستاویزی ثبوت منظر عام پر ہیں،غیر ملکی بینکوں کے ذریعے کروڑوں روپے کی بے نامی منتقلی کا ریکارڈ بھی دستیاب ہے۔خواجہ آصف نے اپنے بیرون ملک اثاثوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کی،خواجہ آصف اپنا اقامہ اور غیر ملکی ادارے کی ملازمت کا معاہدہ پہلے ہی قبول کرچکے ہیں، نواز شریف اور خواجہ آصف کی منی لانڈرنگ میں ناقابلِ یقین حد تک مماثلت پائی جاتی ہے۔خواجہ آصف کی منی لانڈرنگ اور مالی بدعنوانیوں کی تحقیقات کا آغاز کیا جائے۔