اقتدار میں آ کر کوئی شخص کاروبار نہیں کر سکتا، قانون سازی کریں گے: عمران

31 جنوری 2018
اقتدار میں آ کر کوئی شخص کاروبار نہیں کر سکتا، قانون سازی کریں گے: عمران

فیصل آباد (احمد جمال نظامی سے) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے اقتدار میں آ کر کوئی شخص کاروبار نہیں کر سکتا، اقتدار ملا تو اس کے لئے قانون سازی کریں گے کیونکہ جب کوئی شخص اقتدار میں ہو اور وہ اپنی ذات کو فائدہ پہنچانے کے لئے کاروبار کرے تو اصل کاروباری حضرات کو بہت زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے، وہ پیچھے رہ جاتے ہیں اور اس طرح سے ملکی معیشت بحرانوں کی زد میں آ جایا کرتی ہے۔ میں نے صوبہ خیبر پی کے میں کوئی فیکٹری نہیں لگائی۔ کرپشن کے خاتمے کے بغیر سرمایہ کاروں کو اعتماد میں نہیں لیا جا سکتا لیکن شریفوں کی حکومت کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔ میں وعدہ کرتا ہوں تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو ایسی پالیسیوں کا نفاذ کرے گی جو غریبوں کے حق میں ہو۔ تحریک انصاف اقتدار میں آئی تو صنعت کاروں اور صنعتی مزدوروں کے حقوق کے لئے اپنا کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں ٹیکسٹائل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ٹیکسٹائل سیکٹر کی ترقی کیلئے جامع حکمت عملی تجویز کی گئی ۔ تقریب کے دوران ٹیکسٹائل انڈسٹریز کی اہم شخصیات کے علاوہ تحریک انصاف پالیسی کے بورڈ ممبرا ن ، ٹیکسٹائل تنظیمیں پاکستان ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن ۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن ۔ آل پاکستان بیڈ شیٹ اینڈ اپ ہولسٹری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن ۔ پاکستان ہوزری مینو فیکچررز ایسوسی ایشن اور آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے منتخب عہدیدار اور چیمبر آف کامرس کے موجودہ اور سابق صدور بھی موجود تھے ۔ عمران خان نے کہا ایک سازش کے تحت ملک سے سرمایہ دبئی منتقل کیا گیا جس کے پیچھے چھپے لوگ آج بیرون ملک بیمار ہوئے بیٹھے ہیں۔ ایک سازش کے تحت ہی صنعتوں کے لئے پیداواری لاگت میں اضافہ کر دیا گیا جس کا مقصد بھارت کی صنعتوں کو بین الاقوامی سطح پر موقع فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے کہا ٹیکسٹائل کی صنعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا درجہ رکھتی ہے لیکن بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کے بحرانوں اور ان کی قیمتوں میں بار بار اضافہ کر کے ٹیکسٹائل کی صنعت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا گیا ہے جبکہ دوسری طرف عالمی منڈیوں میں بھارت کی صنعت مسلسل ترقی کر رہی ہے کیونکہ وہاں ٹیکسٹائل کے صنعت کاروں کو سستی گیس اور بجلی دستیاب ہے لیکن ہمارے حکمران بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے دعوے تو بہت کرتے ہیں لیکن موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ہی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ گرمیوں میں بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا حکومت بجلی کی ترسیل کا نظام درست کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہے اور مختلف منصوبوں کے ذریعے اتنی مہنگی بجلی تیار کی جا رہی ہے اس سے صنعت کاروں کی مکمل طور پر کمر ٹوٹ کر رہ جائے گی۔ نوازشریف صرف اور صرف عدلیہ پر اس لئے تنقید کر رہے ہیں کہ کسی طرح ان کی نااہلی ختم کر دی جائے اور دوسری طرف نیب میں ان کے کیسز جن میں ان کو اگلے ماہ سزا متوقع ہے ان کو ختم کر دیا جائے۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف میدان میں موجود ہے اور کسی طور پر بھی ان کو آصف علی زرداری کی طرح تحفظ فراہم نہیں کرے گی۔ نوازشریف کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔ شعبہ ٹیکسٹائل اور شعبہ زراعت کی مضبوطی اور بحالی کے لئے اقتدار میں آئے تو کوئی کسر باقی نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری ملکی معیشت کی تباہی کی سب سے بڑی وجہ وہ اسحاق ڈار ہے جو اس وقت اپنی کرپشن پکڑی جانے پر خوف سے بیرون ملک روپوش ہیں۔ اسحاق ڈار نے معیشت کو اتنا نقصان پہنچایا شعبہ ٹیکسٹائل بری طرح بحران کی زد میں ہے۔ ہزاروں مزدور حکومت کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں ۔ عمران خان نے کہا تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ(ن) اور شریف برادران کا بھرپور مقابلہ کرے گی اور تحریک انصاف آئندہ عام انتخابات کے بعد ملک کی سب سے بڑی جماعت بن کر ابھرے گی۔ پوری قوم تحریک انصاف کے ساتھ ہے اور وہ کسی طور پر بھی نہیں چاہتی کہ ایسے لوگ دوبارہ ان پر مسلط کر دیئے جائیں جو کرپٹ ہوں، انہوں نے کہا دنیا میں آئندہ جنگیں معیشت پر لڑی جائیں گی اور یہ سلسلہ بڑی حد تک شروع ہو چکا ہے۔ پاکستان کو اپنی معیشت کو انتہائی مضبوط کرنے کے لئے گوادر بندرگاہ اور سی پیک سے بھرپور فائدہ اٹھانا ہو گا لیکن کرپٹ حکمرانوں اور سیاستدانوں کو گوادر اور سی پیک پر اپنا قبضہ نہیں جمانے دیں گے۔ تحریک انصاف عوام کا پیسہ نوازشریف شہبازشریف کی طرح اپنے محلوں اور ذات پر نہیں لگائے گی اس کی منی لانڈرنگ نہیں کرے گی بلکہ یہ سارا پیسہ عوام اور ملک پر خرچ ہو گا جب لوگ ایسی تبدیلی دیکھیں گے تو ٹیکس کی شرح میں خاطرخواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے الزام عائد کیا اسحاق ڈار نے ایک سازش کے تحت سرمایہ ملک سے باہر منتقل کرایا اور اب ایک سازش کے تحت ملک سے باہر بیٹھا ہے تحریک انصاف اسحاق ڈار کو ملک کی معیشت تباہ کرنے اور لوٹ مار کرنے کے بعد ایسے نہیں جانے دے گی۔ اسحاق ڈار کو اتنے زیادہ غیرملکی قرضے لینے، کرپشن کیسز اور سرمایہ دبئی منتقل کرنے کا عوام کو حساب دینا ہی ہو گا۔اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پالیسی کونسل آف ٹیکسٹائل کے ہیڈ ظفر اقبال سرور نے کہا پی ٹی آئی بجلی اور گیس کی قیمتوں کو علاقائی تجارتی حریف ممالک کی سطح پر لانے پر یقین رکھتی ہے اور اس سلسلہ میں بجلی کی قیمت 8 روپے ،گیس کی قیمت 700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو تجویز کی گئی ہے۔ مزید برآں موجودہ ٹیکسٹائل ریلیف پیکج کو جاری رکھا جائیگا اور اس میں دس فیصد اضافہ کی شرط کو ختم کرنے کے علاوہ زیر التواء ری فنڈ کلیمز فوری طور پر ادا کئے جائیں گے۔ ری فنڈ آرڈرز کو لین دین کے قابل تسلیم کیا جا سکے جبکہ برآمدی سیکٹر کو حقیقی معنوں میں سو فیصد زیر و ریٹ کیا جا ئے گا۔ سٹیٹ بینک سیاسی مہمانوں کی بجائے خالصتاً معاشی تقاضوں کے مطابق کرنسی کو ڈی ریگولیٹ کرے گا۔پراڈکٹ مکس پر خصوصی توجہ دی جائیگی اور اس سلسلہ میں مصنوعی ریشوں کی تیاری اور اس سے تیار کپڑوں اور گارمنٹس کو متعارف کرایا جائیگا تاکہ اس شعبہ میں بھی عالمی منڈیوں میں پاکستان اپنا حصہ ڈال سکے۔ جی ایس پی پلس کے بارے میں انہوں نے کہا کہ اس کو جاری رکھنے کیلئے یورپین ملکوں سے سفارتی تعلقات کو بھر پور طریقے سے استعمال کیا جائیگا جبکہ اس سے متعلقہ عالمی معاہدوں کی پاسداری کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے دائرہ کار کو بڑھایا جائیگا۔ کپاس کی پیداوار کو بڑھانے کے علاوہ پی ٹی آئی ملک میں عالمی معیار کی ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بھی قائم کریگی تاکہ ہر قسم کی برآمدی مصنوعات کی مقامی طور پر تصدیق ہو سکے۔ انہوں نے کہا پاکستان کی زیادہ تر ٹیکسٹائل مشینری درآمد کی جاتی ہے جدید ٹیکسٹائل مشینری کی مقامی طو رپر تیاری کیلئے مشترکہ منصوبوں کی حوصلہ افزائی کی جائیگی اور اس سلسلہ میں ایسے منصوبوں کو ترجیح دی جائیگی جن میں ٹیکنالوجی اور مہارت کے ساتھ براہ راست سرمایہ کاری بھی ہو۔ انہوں نے کہا ٹیکسٹائل کے شعبہ میں استعمال ہونے والے ہر قسم کے خام مال کی مقامی طور پر تیاری پر بھی خصوصی توجہ دی جائیگی جبکہ موجودہ صنعتی علاقوں کو اپ گریڈ کر کے ان میں مزید سہولتیں بھی مہیا کی جائیں گی۔