عاصمہ قتل‘ نامزد ملزم گرفتار‘ دوسرے کو سعودی عرب سے پکڑنے کیلئے ریڈ وارنٹ جاری
پشاور(بی بی سی اردو ڈاٹ کام) کوہاٹ کے ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید مروت نے کہا ہے ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد میں ایم بی بی ایس کی تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل میں نامزد ملزم صادق آفریدی کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ انھوں نے کہا کہ سعودی عرب فرار ہونے والے قتل کے مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کردیا گیا ہے۔ انٹرپول سے مدد لینے کیلئے کارروائی کی جارہی ہے۔گذشتہ رات گرفتار ہونے والا ملزم صادق آفریدی مرکزی ملزم مجاہد آفریدی کا بھائی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے مبینہ قاتل مجاہد آفریدی کی معاونت کی تھی۔ ادھر ملزم کے چچا اور تحریک انصاف کوہاٹ کے صدر آفتاب عالم نے کہا ہے قاتل کی گرفتاری کے لیے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے ہر قسم کا تعاون کیا جائے گا۔