عمران خان سے پوچھا جائے‘ شریف خاندان کے خلاف خبر انہیں کون دیتا ہے:مریم نواز

31 جنوری 2018

اسلام آباد (نا مہ نگار)سابق وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کا عمران خان کے بیان پر کہنا ہے کہ نیازی خان سے یہ پوچھنا ہوگا کہ شریف خاندان کیخلاف انہیں خبریں کون دیتا ہے۔منگل کو نیب ریفرنسز کے سلسلے میں احتساب عدالت میں پیشی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ نیب کے ضمنی ریفرنس میں کیس کی تمام ذمہ داری نواز شریف پر ڈال دی گئی ہے۔اس موقع پر صحافیوں نے سوال کیا کہ عمران خان کی جانب سے کہا جارہا ہے کہ ایک ماہ بعد آپ کو سزا ہوجائے گی ،جس پر مریم نواز نے جواب دیا کہ یہ پوچھنا ضروربنتا ہے کہ ان کو یہ خبریں کون دیتا ہے۔مریم نواز نے صحافیوں سے سوال کیا کہ اگر ضمنی ریفرنس میں ثبوت نہیں ملے تو میڈیا ٹرائل کیوں کیا گیا ؟ اورجو میری کردار کشی کی گئی اس کا مداوا کون کرے گا۔