' رائو انوار کے فرار کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے‘ ملک ریاض

31 جنوری 2018

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )رائو انوار نے کبھی بھی بحریہ ٹائون کا طیارہ استعمال نہیں کیا۔رائو انوار کے بحریہ ٹائون کے طیارے میں بیرونِ ملک فرار کی افواہیں بے بنیاد ہیں،نقیب اللہ میرے بیٹوں کی طرح تھا۔اپنے بیان میں ملک ریاض حسین،چئیرمین بحریہ ٹائون نے نقیب اللہ قتل کیس کے نامزد ملزم ایس ایس پی ملیر رائو انوار کی بحریہ ٹائون کے طیارے میں بیرونِ ملک فرار کی بے بنیاد افواہوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے، مکمل تردید کی ہے۔ اپنے ویڈیو پیغام میں ملک ریاض حسین کا کہنا تھا کہ نقیب اللہ ان کے بیٹوں کی طرح تھا اور وہ دکھ کی اس گھڑی میں نقیب اللہ کے والدین اور بہن بھائیوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔رائو انوار کے بیرونِ ملک فرار سے متعلق افواہوں کے بارے میں ملک ریاض حسین کا کہنا تھا کہ بحریہ ٹائون کے پاس ذاتی طیارے عرصہ آٹھ سال سے ہیں۔ رائو انوار نے کبھی بھی بحریہ ٹائون کے کسی بھی طیارے میں سفر نہیں کیا۔نا تو کبھی قانون شکنوں کا ساتھ دیا اور نا کبھی ایسا کرنے کا سوچ بھی سکتا ہوں۔ملک ریاض حسین کا مزید کہنا تھا کہ رائو انوار کے فرار کی مکمل تحقیقات ہونی چاہیے ۔میں اپنے ملک کے لوگوں سے پیار کرتا ہوں۔

ملک ریاض