اٹلی نے پاکستان سے تجارت کے فروغ کی پیشکش کردی
کراچی (کامرس رپورٹر) اطالوی قونصل جنرل اینا روفینو نے پاکستانی مارکیٹ کو اٹالین سرمایہ کاروں کے لیے پرکش قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اطالوی تاجر پاکستانی تاجروں کے ساتھ معیشت کے مختلف شعبوں میں کاروبارکو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے خواہش مند ہیں۔ اٹلی کی ترجیحات میں پاکستان شامل ہے اور یہ مارکیٹ اطالوی سرمایہ کاروں کے لئے کافی دلچسپ ہے۔اٹلی مختلف شعبوں مثلاً زراعت،ویسٹ مینجمنٹ ، کپڑوں، خوراک ، چمڑے، ماربل و دیگر شعبوں میں پاکستان کو اپنی مہارت فراہم کرسکتا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کے دورے کے موقع پر اجلاس سے خطاب میں کیا اس موقع پرکے سی سی آئی کے صدرمفسر عطا ملک، سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق، نائب صدر ریحان حنیف،کے سی سی آئی کی ڈپلومیٹک مشنز و ایمبیسی لائژن سب کمیٹی کے چیئرمین سہیل امین،سابق صدر مجید عزیز اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔