کراچی میںسوئی گیس چوروں کے خلاف کارروائی ‘2ملزمان گرفتار

31 جنوری 2018

کراچی ( کامرس رپورٹر) سوئی سدرن نے گیس چوری روکنے کے لیے قائم کردہ ٹاسک فورس کائونٹر گیس تھیفٹ آپریشن ( سی جی ٹی او) نے کراچی کے علاقے ایف بی ایریا اور محمود آباد میں واقع گتے کی فیکٹری اور بیکری پر چھاپے مارے ہیں جہاں سے 2 گیس چوروںکو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا گیاہے۔ایس ایس جی سی کی چھاپہ مار ٹیم نے کراچی کے علاقے ایف بی ایریا میں بڑے پیمانے پر کام کرنے والی گتا فیکٹری (انڈسٹریل کوروگیشن فیکٹری) پر چھاپہ مارا جہاں پر فیکٹری مالک میٹر ٹیمپر کر کے ڈائریکٹ لائن سے گیس چوری کر رہا تھا۔ ایس ایس جی سی پولیس نے فیکٹری مالک ملزم زاہد عزیز کو گرفتار کر لیا ہے۔ دوسری جانب محمو د آباد کہ علاقے میں ایک بڑی بیکری پر چھاپہ مارا گیا جہاں پر بیکری مالک ملزم بابر خان ڈائریکٹ لائن سے ربڑ پائیپ لگا کر 1110 سی ایف ٹی فی گھنٹے کہ حساب سے گیس چوری کر رہا تھا۔ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہیں۔ گیس چوری سے کمپنی کو لاکھوں کا نقصان ہو رہا تھا۔ ایس ایس جی سی نے اپیل کی ہے کہ گیس کی چوری روکنے میں کمپنی کی مدد کریں ۔