پی ایس ایکس میں مندی برقرار‘ سرمایہ کاری میں 19 ارب 24 کروڑ روپے کی کمی

31 جنوری 2018

کراچی(کامرس رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکسچینج ( پی ایس ایکس ) میں مندی کا رجحان رہا، کے ایس ای 100 انڈیکس224.19 پوائنٹس کی کمی سے 44233.11 پوائنٹس پر بند ہوا، مارکیٹ سرمایہ میں 19 ارب24 کروڑ 15 لاکھ 23 ہزار525 روپے کی کمی رہی جبکہ تجارتی حجم میں ایک ارب45 کروڑ7 لاکھ 80 ہزار 889 روپے کی تیزی ہوئی۔ اسی طرح خرید و فروخت میں 9 کروڑ1 لاکھ 47 ہزار 240 حصص کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نئے کاروباری ہفتے کے دوسرے روز منگل کو پی ایس ایکس گزشتہ روز کی طرح مندی کا رجحان رہا اورکے ایس ای 100 انڈیکس 224.19 پوائنٹس کی کمی سے 44400 اور 44300کی دو نفسیاتی بالائی حد سے کم ہو کر 44233.11 پوائنٹس پر بند ہوا جبکہ کے ایس ای 30 انڈیکس بھی158.94 پوائنٹس کی مندی سے 22176.10 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مزیدبرآں کے ایس سی آل شیئر انڈیکس میں81.19 پوائنٹس کی کمی رونماء ہوئی جبکہ کے ایم آئی 30 انڈیکس میں48.37 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی۔ دریں اثناء بینکس ٹریڈ ایبل (بی اے ٹی آئی) انڈیکس 417.21 پوائنٹس کی کمی سے 17212.47 پوائنٹس پر بند ہوا تاہم آئل اینڈ گیس ٹریڈ ایبل (او جی ٹی آئی) انڈیکس 33.60 پوائنٹس کی کمی سے 19945.08 پوائنٹس پر بند ہوا۔ پی ایس ایکس - کے ایم آئی انڈیکس4.84 پوائنٹس کی مندی سے 21800.93 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ میں مجموعی طور پر366 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جن میں سے 141 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 207 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں مندی اور 18 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ سب سے زیادہ تیزی ویتھ پاکستان لمیٹڈ کے حصص کی قیمت میں ہوئی جس کے حصص کی قیمت 44.29 روپے کے اضافے سے 1794.29روپے پر بند ہوئی۔ مجموعی طور پر28 کروڑ 24 لاکھ 80 ہزار 510 حصص کا کاروبار ہوا جس کا تجارتی حجم 9 ارب50 کروڑ11 لاکھ74 ہزار257 روپے رہا۔ مارکیٹ کیپیٹل 91 کھرب 82 ارب 21 کروڑ 55 لاکھ 78 ہزار 915 روپے سے کم ہو کر 91 کھرب 62 ارب97 کروڑ 40 لاکھ55 ہزار390 روپے رہ گیا۔ فیوچر ٹریڈنگ میں 107 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں تیزی، 27 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں مندی اور 2 کمپنیوں کے حصص کی قیمت میں استحکام رہا جبکہ4 کروڑ31 لاکھ 87 ہزار740 حصص کا کاروبار ہوا۔