زرعی شعبہ کی شرح نمو 3.6 فیصد تک بڑھنے کی توقع

31 جنوری 2018

کراچی (کامرس ڈیسک ) جاری مالی سال 2017-18ء کے دوران زرعی شعبہ کی شرح نمو 3.6 فیصد تک بڑھنے کی توقع ہے۔ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت چینی کمپنیوں کی طرف سے زرعی شعبہ میں کی جانے والی سرمایہ کاری سے آنے والے سالوں کے دوران شعبہ کی شرح ترقی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ چینی سرمایہ کار 8 لاکھ ٹن سالانہ پیداوار کے حامل کھاد پلانٹس، سندھ میں سالانہ 2 لاکھ ٹن گوشت کی پراسیسنگ کیلئے جدید ترین پلانٹ اور اتنی ہی پیداوار کے حامل دودھ کے پراسیسنگ پلانٹس کے ساتھ ساتھ پھلوں اور سبزیوں کی پراسیسنگ کیلئے دو لاکھ ٹن پیداواری صلاحیتوں کے حامل پلانٹ اور جیم تیار کرنے والے ایک لاکھ ٹن سالانہ کی پیداوار کے حامل پلانٹ کی تنصیب کیلئے سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس سے زراعت کے شعبہ کی کارکردگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور قومی معیشت کی ترقی میں مدد ملے گی۔