بچت قومی مراکز کی ہفتہ کی چھٹی فی الفور ختم کی جائے
مکرمی! نیشنل سیونگز سینٹرز میں ہفتہ، اتوار دو چھٹیاں عرصہ دراز سے ہونے کی وجہ سے سوموار کو سینٹر سانگلہ ہل میں بزرگ شہریوں، بیوگان، پنشنر کا رش دیکھنے میں آتا ہے۔ متاثرہ اکائونٹ ہولڈروں کو بہبود سرٹیفکیٹ پر ماہانہ منافع لینے میں یا پیسے جمع کروا کر سرٹیفکیٹ خریدنے کے لئے اپنی باری کا کئی کئی گھنٹے تھکا دینے والا طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ نیشنل سیونگز کے اوقات کار گرمیوں کو اور سردیوں میں صبح9 بجے سے ڈھائی بجے کے ہیں جب کہ شیڈول بنکوں کے اوقات کار 9 بجے صبح سے شام پانچ بجے کے ہیں۔ ہفتہ کی چھٹی ہونے کی وجہ سے وہ پنشنرز جنہیں ایمرجنسی میں رقم جمع کرانے ہوں یا ہفتہ والے دن ماہانہ منافع لینا بنتا ہے وہ بے چارے دو دن کے طویل انتظار کے بعد سوموار کو منافع لینے پر مجبور ہیں۔ وزیراعظم، مشیر خزانہ سے دست بستہ اپیل ہے کہ متاثرہ بزرگ شہریوں و بیوگان اور ریٹائرڈ پنشن ملازمین کی پریشانیاں دور کرنے کے لئے ہفتہ کی چھٹی فی الفور ختم کرکے اور موسم گرما، سرما کے اوقات کار صبح نو بجے سے شام 5 بچے تک کرنے کے احکام صادر فرمائیں۔ (عارف حیات…سانگلہ ہل)