پرائس کنٹرول کمیٹی کے اچانک دوروں سے گراں فروشی میں کمی آئی: میاں عثمان
لاہور ( کامرس رپورٹر )چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان کی سربراہی میں ٹیم نے سبزہ زار کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کے معیار اور سرکاری نرخوں کے مطابق فروخت کا جائزہ لیا ۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے ڈیپارٹمنٹل سٹورز سمیت اوپن مارکیٹ میںجنرل سٹورز، دودھ ، دہی ، سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی دکانوں پرجا کر سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ۔ انتظامیہ کے لوگوں نے صارفین کے روپ میں خریداری بھی کی اوروارننگ کے باوجود گراں فروشی سے باز نہ آنے والے تین دکانداروں کے خلاف موقع پر ہی ایف آئی آر کا اندراج کرا دیا گیا ۔ چار دکانداروں کو جرمانے جبکہ پندرہ کووارننگ نوٹسز کا اجراء کیا گیا ۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں عثمان نے کہا کہ جن دکانداروں کو وارننگ نوٹسز جاری کیے جاتے ہیںان کا باقاعدہ ریکارڈ رکھا جاتا ہے ۔