شکر ہے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز جیت گئے: سرفراز احمد

31 جنوری 2018

کراچی(سپورٹسرپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز میں کامیابی حاصل کی۔دورہ نیوزی لینڈ کے اختتام پروطن پہنچنے کے بعد کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرنے سے اجتناب برتنے والے قومی کپتان نے مسکراہٹ کے ساتھ کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کر دیا۔پی سی بی کا نام لیے بغیر انہوں نے کہا کہ مجھے بات کرنے سے منع کیا گیا ہے، تاہم صحافیوں کے مسلسل اصرار پر سرفراز احمد نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ہم میزبان سائیڈ کے خلاف ٹوئنٹی سیریز ایک کے مقابلے میں دو سے جیت کر وننگ ٹرافی اپنے نام کرنے میں کامیاب رہے ۔ سرفراز احمد نے کہا کہ یہ بھی خوشی کی بات ہے کہ پاکستان نیوزی لینڈ کو شکست دینے کے بعد ایک مرتبہ پھرٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں نمبرون بن گیا، تاہم سرفراز احمد نے ون ڈے سیریز میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست اوروائٹ واش سمیت دیگرسوالات کا جواب دینے سے گریز کیا ۔سرفرازاحمد کے ساتھ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی رومان رئیس بھی واپس وطن پہنچے، دبئی کے راستے کراچی آمد کے بعد جناح ایئر پورٹ پرمیڈیا سے مختصر بات چیت میں رومان رئیس نے کہا کہ میزبان سائیڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں شکست کی بنیادی وجہ ہماری بیٹنگ لائن کا فلاپ ہوجانا تھا، ہمارے بیٹسمین اپنی ذمہ داری ادا نہیں کر سکے۔