ڈیرہ مراد جمالی، ریلوے ٹریفک پر دھماکہ، بولانمیل کی کئی بوگیاں بٹڑی سے اتر گئیں

31 جنوری 2018

کراچی+ ڈیرہ مراد جمالی (خبر نگار+ نامہ نگار) ڈیرہ الہیار‘ ڈیرہ مراد جمالی ریلوے ٹریک پر منگولی کے قریب دھماکے کے باعث بولان میل کی کئی بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں۔2 مسافروں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ لیویز ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی۔ سیکیورٹی حکام نے جائے وقوعہ کا محاصرہ کرلیا ہے۔ ایف سی‘ لیویز اور پولیس کے دستے موقع پر پہنچ کر تفتیش کر رہے ہیں۔ دھماکے سے4 سے5 فٹ ٹریک کو نقصان پہنچا ہے۔ بولان میل کوئٹہ سے کراچی جا رہی تھی کہ دھماکہ ہوا۔ دھماکے کے بعد وہاں سے گزرنے والی ٹرینوں کو قریبی مقامات پر روک دیا گیا ہے اور اپ اینڈ ڈائون ٹریک پر ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے حکام کو وہاں پہنچنے اور امدادی کام کی ہدایت دی ہے۔ زخمی کا نام ساگر بتایا گیا ہے۔ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ڈیرہ اللہ یار کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکہ کو دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ شکر ہے کہ تمام انسانی جانیں محفوظ ہیں، اس بات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکہ کے فوراً بعد امدادی کاموں کی خود نگرانی کر رہا ہوں۔ ٹرین کے ہمراہ ایف سی اور ریلوے پولیس کے مسلح اہلکار موجود تھے ۔ انہوں نے دھماکہ کے بعد فائرنگ کے واقعے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا جبکہ ایسا نہیں ہے دھماکہ میں ایک زخمی ہوا ہے جسے طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال بھیج دیا گیا ہے، انہوں نے کہا کہ مسافروں کو سیکورٹی حصار میں پہلے جیکب آباد اور پھر کراچی لایا جائے گا۔

خواجہ سعد