ٹینکر کی موٹرسائیکل کو ٹکر سے باپ ہلاک‘ ماں بیٹی زخمی

31 جنوری 2018

فیروزوالہ (نامہ نگار) لاہور روڈ کی آبادی ماچھیکے کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر نے موٹرسائیکل سوار میاں بیوی اور ان کی بچی کو روند ڈالا۔ نوجوان سعید احمد موقع پر ہلاک ہوگیا جبکہ اسکی اہلیہ اور بیٹی شدید زخمی ہوگئے۔ بتایا گیا ہے کہ گجراں پور کا رہائشی سعیداحمد اپنی اہلیہ ریحانہ بی بی اور بیٹی فاطمہ کے ہمراہ موٹرسائیکل پر سوار ہوکر شیخوپورہ جا رہے تھے کہ ماچھیکے سٹاپ کے قریب تیز رفتار آئل ٹینکر نے انہیں ٹکر مار کر روند ڈالا۔ زخمیوں میں شامل سعیداحمد کی اہلیہ اور بیٹی فاطمہ کو فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیاگیا ہے۔ صدر پولیس نے پیش آنے والے واقعہ کی رپورٹ درج کرلی ہے۔ ایک اور حادثہ میں لاہور روڈ پر موٹرسائیکل رکشہ الٹنے سے 2افراد ریاض اور رضوان شدید زخمی ہوگئے، جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔