مختلف سیکٹرز کی 5 ترقیاتی سکیموں کے لئے 5 ارب 98 کروڑ روپے کی منظوری

31 جنوری 2018

لاہو ر ( کامرس رپورٹر ) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2017-18 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے49ویںاجلاس میں مختلف سیکٹرز کی5 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر5ارب 98کروڑ 7 لاکھ 39ہزار روپے کی منظوری دی ۔ اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد جہانزیب خان نے کی جبکہ سیکرٹری پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو سمیت صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران ، اسسٹنٹ چیف (کوآرڈینیشن ) پی اینڈ ڈی حافظ محمد اقبال اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی ۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے49ویں اجلاس میںجن5 ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی ان میں سروسز ہسپتال لاہور میں ریڈیالوجی و سپیشلٹیز ڈیپارٹمنٹس کی اپ گریڈیشن (ترمیمی) کیلئے 2 ارب 25 کروڑ 20 لاکھ 29 ہزار روپے ، پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی(PPHA) کے قیام کیلئے 3 ارب 14 کروڑ 99 لاکھ 23 ہزار روپے ، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی لاہور میں خود کار فنگر پرنٹ شناخت سسٹم لگانے کیلئے 49 کروڑ 50 لاکھ روپے ،سانگڑ ہل کے سیلابی ریلے سے بچائو کیلئے دیہاتی آبادیوں (منجوتہ، سیویج، سستی اور سنگی) کو محفوظ رکھنے کے ضمن میں 9 نمبر سٹون سٹڈز کی تعمیر کیلئے 6 کروڑ 89 لاکھ 32 ہزار روپے ، سرگودھا میں گگا گائوں تحصیل بھیرہ کے قریب دریائے جہلم پر متبادل راستے کی تعمیرکیلئے 1 کروڑ 48 لاکھ 55 ہزار روپے شامل ہیں۔