ترکمانستان کے سفیر کی وزیر تجارت پرویز ملک سے ملاقات

31 جنوری 2018

لاہور (ا ین این آئی) پاکستان میں مقیم ترکمانستان کے سفیر مولامو آتاجان نورلیاوچ نے اسلام آباد میں وزیر تجارت پرویز ملک سے ملاقات کی اور دوطرفہ تجارتی امور ،معیشت کے مختلف شعبوں میں تعاون کے مواقعوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا کہ ترکمانستانی تاجروں کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے خاطر خواہ مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ترکمانستان پاکستانی تاجروں کے لیے ویزے کے عمل کو آسان بنائے اور دو طرفہ تجارت کے فروغ کے لئے پاکستان میں تجارتی وفود لائے۔ ترکمانستان کے سفیر نے بھی پاکستان کو ایک تجارتی میلے کے انعقاد اور تجارتی وفد ترکمانستان بھیجنے کی دعوت دی۔