پنجاب حکومت ٹیکنیکل اداروں کو جدید خطوط پر استوار کررہی ہے: شیخ علائوالدین

31 جنوری 2018

لاہور(کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت و انویسٹمنٹ شیخ علائوالدین نے کہا ہے کہ پنجا ب حکومت اپنے نوجوانوں کو ہنرمند بنانے کیلئے اپنے ٹیکنیکل اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے تاکہ ہمارے نوجوان اندرون و بیرون ممالک میںباعزت روزگار کماکر ملکی ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کر سکیں۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے محکمہ انڈسٹریز کے کمیٹی روم میںایک محکمانہ اجلاس کی زیر صدارت کیا۔اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری انڈسٹریز کی جانب سے صوبائی وزیر کو بتایا گیاکہ محکمہ انڈسٹریز صوبہ بھر میں ووکیشنل اور ٹیکنیکل اداروں کو مزید مستحکم کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار نبھا رہا ہے اور ٹیوٹا کے پلیٹ فارم سے ای روزگار پروگرام کا باقاعدہ اجراء جلد ہونے جا رہا ہے ،جس کے تحت4000نوجوانوں کو تربیت دینے کا ٹارگٹ مقرر کیا جا رہا ہے اور پہلے فیز میں 600نوجوانوں کو تربیت دی جائے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کلاسز کا آغاز فروری کے دوسرے ہفتے میں متوقع ہے ۔