محفل موسیقی: سرائیکی ، پنجابی اور اردو نغموں نے شرکاء پر سحر طاری کر دیا

31 جنوری 2018

ملتان (سٹاف رپورٹر)ریڈیو پاکستان ملتان کے زیر ِ اہتمام اورملتان آرٹس کونسل کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ محفل موسیقی میں معروف گلوکاروں نے سرائیکی پنجابی اور اردو زبانوں میںنغمے پیش کرکے شرکاء پر سحر طاری کر دیا۔ان گلو فنکاروں میں عارف خان بابر، ثوبیہ ملک، ساجد ملتانی ، عروج خان اور دیگر نے رات دیر تک صوفیانہ اور فوک نغموں سے شرکاء کو محظوظ کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان ملتان مختیار ملک نے کہا کہ گلوکاروں کی حوصلہ افزائی ،نیا ٹیلنٹ سامنے لانے اور شہریوں کی تفریح کیلئے اس قسم کے پروگرام جاری رکھے جائیں گے۔اس موقع پر ڈائریکٹر ملتان آرٹس کونسل سجاد جہا نیہ نے کہا کہ آرٹس کونسل ہال میں روزانہ کی بنیاد پر تقریبات شروع کی گئیں ہیں،اورریڈیو پاکستان کے اشتراک سے ایسے پروگراموں کا انقعاد جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ آرٹس کونسل انتظامیہ بھی نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے کوششیں کررہی ہے۔اس محفل موسیقی کی میزبانی کے فرائض پروگرام مینجر ریڈیو پاکستان ریاض میلسی اور عروج فاطمہ نے انجام دیئے۔