کرم ایجنسی: بارودی سرنگ دھماکے میں گاڑی تباہ،3 خواتین سمیت ایک ہی خاندان کے7 افراد جاں بحق، ایک زخمی
کرم ایجنسی (این این ‘آئی این پی) قبائلی علاقے فاٹا کی کرم ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں 7 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق اپر کرم ایجنسی کے سرحدی علاقے مقبل سے ایک گاڑی میں سوارایک ہی خاندان کے 8 افراد فاتحہ خوانی کیلئے بوشہرہ جارہے تھے کہ مقبل کے قریب کچے راستے میں بارانی ندی کے قریب بارودی سرنگ کا دھماکہ ہوا جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی اور اس میں سوار 3 خواتین سمیت 7 افراد جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔اس حوالے سے عینی شاہد رحمن مقبل نے میڈیا کو بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں تین خواتین اور 4 مرد شامل ہیں جن کی شناخت راویس خان، آمین بادشاہ اور بادشاہ خان کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی شخص کا نام سیدا جان ہے جسے طبی امداد کیلئے ایجنسی ہیڈکوارٹر ہسپتال پاراچنار پہنچا دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا تھا کہ زخمی سیدا جان کی حالت خطرے سے باہر ہے اور اسے طبی امداد کےلئے پشاور منتقل کر دیا گیا ہے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار اور سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئیں۔