پارلیمنٹ حملہ سمیت4 مقدمات میں عمران خان ملزم نامزد ، عبوری چالان عدالت میں پیش

31 جنوری 2018

اسلام آباد (صباح نیوز‘این این آئی) تھانہ سیکرٹریٹ پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف پی ٹی وی حملہ کیس، ایس ایس پی عصمت اﷲ جونیجو تشدد کیس، پارلیمنٹ حملہ کیس سمیت چار کیسز میں عبوری چالان انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش کر دیا۔ عبوری چالان میں عمران خان کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ عمران خان کے خلاف چودہ گواہان کی فہرست بھی عدالت میں جمع کروائی گئی ہے۔ ایس ایس پی عصمت اﷲ جونیجو اور پولیس ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنانے کے حوالے سے فوٹیج کو بھی چالان کا حصہ بنایا گیا ہے۔آئندہ سماعت پر گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جائیں گے جبکہ عمران خان کو بھی عدالت میں پیش ہونا پڑے گا۔گواہوں کے بیانات ریکارڈ ہونے کے بعد عدالت کیس کا فیصلہ کرےگی۔عمران خان کے خلاف 2014ءمیں اسلام آباد میں دھرنے کے دوران 4 مقدمات قائم کئے گئے جن میں پی ٹی وی، پارلیمنٹ حملہ اور ایس ایس پی عصمت اللہ جونیجو تشدد کیس بھی شامل ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو ان مقدمات میں ضمانت مل چکی ہے تاہم عدالت نے انہیں شامل تفتیش ہوکر تفتیشی افسر کے روبرو بیان ریکارڈ کرانے کا حکم دیا تھا جس پر انہوں نے 6 دسمبر کو پولیس کے روبرو بیان ریکارڈ کرایا۔