تعویز دھاگوں والی کمپنی نوازشریف کیخلاف ثبوت ڈھونڈ رہی ہے‘ مریم اورنگزیب

31 جنوری 2018

اسلام آباد(نا مہ نگار)وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوام کے بڑے بڑے جلسوں نے اپنا فیصلہ سنا دیا، سینیٹ اور عام انتخابات اپنے وقت پر ہوں گے، افواہیں 2014کے دھرنے سے ہی دم توڑنا شروع کر گئی تھیں، تعویز اور دھاگوں والی کمپنی نواز شریف کے خلاف ثبوت ڈھونڈ رہی ہے۔وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اور نگزیب نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ نا مکمل ریفرنس پر نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا، ہمیں سیاسی انتقام کی پرواہ نہیں؟۔ انہوں نے کہا نئے ریفرنس سے ثابت ہو گیا کہ پہلے والا ریفرنس نا مکمل تھا، نا مکمل ریفرنس پر کارروائی شروع کرنا دنیا میں کونسا قانون ہے۔ ان کا کہنا تھا آج تک آپ اس وزیراعظم کے خلاف ثبوت تلاش کر رہے ہیں جسے اقامہ پر نکالا گیا، تعویز دھاگوں والی کمپنی 3بار کے وزیر اعظم کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تیسری بار تفتیش کررہی ہے کہ سابق وزیراعظم کے خلاف کوئی ثبوت مل جائیں۔وزیر مملکت اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ عوام کے بڑے بڑے جلسوں نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے ، اس کے باوجود اگر ہمیں نشانہ بنایا گیا تو ہمیں کوئی پرواہ نہیں ہے۔