پنجاب کی 3 بڑی کمپنیوں کا دیسی گھی آزمائش میں ناکام
لاہور(آئی این پی ) پی سی ایس آئی آر لیبارٹری نے دیسی گھی کی تین بڑی کمپنیوں کے گھی کو نقلی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ صرف 'لیبل' اصلی ہے،نتائج پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بھجوا دیئے گئے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق دیسی گھی کی آزمائش کے لیے 30 کمپنیوں کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے تھے۔پنجاب فوڈ اتھارٹی نے یہ نمونے گزشتہ برس نومبر اور دسمبر میں لیے تھے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سب سے پہلے 16 پروڈکٹس کی آزمائش کی، جن میں سے 3 بڑی برانڈز دیسی گھی کی آزمائش میں ناکام ہوگئیں۔پی سی ایس آئی آر لیبارٹری کی رپورٹ میں 3 کمپنیوں کے اصلی گھی کو نقلی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ صرف 'لیبل' اصلی ہے۔ تجزیئے کے بعد نتائج پنجاب فوڈ اتھارٹی کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ آزمائش میں ناکام ہوجانے والی کمپنیوں کے گھی کی فروخت بند کر دی جائے گی۔