بچوں سے زیادتی ‘ پورنو گرافی کے مجرموں کو سرعام پھانسی کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

31 جنوری 2018

لاہور(وقائع نگار خصوصی) ننھے بچوں سے زیادتی اور پورنو گرافی کے مجرموں کو سر عام پھانسی پر لٹکانے اور قوانین میں تبدیلی کیلئے لاہورہائیکورٹ میں درخواست دائرکردی گئی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ بچوں سے زیادتی کے ملزموں کے مکروہ عمل سے معاشرے میں انتشار پھیلا۔ زیادتی اور پورنو گرافی میں سزا یافتہ مجرموں کو سرعام پھانسی نہ ہونے سے ننھے بچوں سے زیادتی کے واقعات میں آئے روزاضافہ ہو رہا ہے۔ بچوں سے زیادتی فسادفی الارض کے زمرے میں آتا ہے۔نرم قوانین کی وجہ سے زیادتی کے مجرموں کو چھپا کر پھانسی پر لٹکایا جاتا ہے۔خفیہ طریقے سے دی جانیوالی سزائیں دیگر ملزموں کیلئے سبق آموز نہیں ہوتیں۔ آئین کے آرٹیکل 2/اے، 3 اورقانون شہادت کے تحت زیادتی کے مجرموں کو سرعام پھانسی پر لٹکانے کا حکم دیا جائے۔