عمران بدزبانی ترک کردیں‘ سازشوں سے وزیراعظم نہیں بنا جا سکتا: حمزہ شہباز

31 جنوری 2018

لاہور (ا ین این آئی)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران خان بدزبانی کو ترک کر دیں ،سازشوں اور چور دروازوں سے وزیر اعظم نہیں بنا جاسکتا،پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنے والے لاکھوں تنخواہیں لے رہے ہیں ، قادری کے تماشے میں عمران ،زرداری اور خالی کرسیاں تھیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریواز گارڈن میں منو بھائی کے انتقال پر انکے اہلخانہ سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔حمزہ شہباز نے کہا کہ منو بھائی انسانیت سے پیار کرتے تھے اور ان کی کمی کو ہمیشہ محسوس کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر ہمیشہ جمہوریت کے خلاف سازشیں ہوتیں رہی ہیں لیکن آگے بڑھنے کا واحد رستہ صرف جمہوریت ہی ہے،سینٹ کے الیکشن برقت ہونا جوش آئند ہے امید ہے عام انتخابات بھی اپنے وقت پر ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی محاز پر مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرداری سے سوئس اکاﺅنٹس کا بھی حساب لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ زینب کے قاتل پکڑے گئے، اگر فرانزک لیب نہ ہوتیں تو قاتل نہ پکڑا جاتے۔