سینیٹ کے الیکشن میں مخا لفین کو شکست ہو گی ، علی اکبر گجر

31 جنوری 2018

کراچی(اسٹاف رپو رٹر ) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ سینیٹ کے انتخابات میں پانامہ اور اقامہ کے پیچھے چھپے سیاسی مقاصد کو عبرتناک شکست دیں گے۔ جمہوریت کے ڈی ریل کرنے کے لئے تجوریوں کے منہ کھول دئے گئے ہیں ۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) جمہوریت کے تاجروں کو شکست فاش سے دوچار کرے گی۔ جمہوریت کے نام نہاد دعوے داروں نے سینیٹ کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لئے عوامے کے ٹیکسوں سے حاصل کردہ سندھ حکومت کے خزانے کے منہ کھول دئے ہیں۔ سندھ کی حکمران جماعت تمام تر منفی ہتھکنڈوں کے باوجود قوم کے عزم کو شکست نہیں دے سکے گی۔ سندھ میں سینیٹ کے نتائج سندھ کی حکمران جماعت ہی نہیں ملک بھر کے سیاسی پنڈتوں کے لئے حیران کن نتائج لے کر آئیں گے اقتدار تک رسائی کے لئے جمہوری روایات کا خون کرنے والوں نے عوام کے ووٹ کی خرید و فروخت کا جمعہ بازار کھول لیا ہے مسلم لیگ (ن) سیاسی جمعہ بازاروں اور ہفتہ بازاروں کے سوداگروں کو عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ دشمنی نہیں کرنے دیں گے۔