عوام کی پریشانی سے منہ موڑنا جیالوں کا شیوہ نہیں ہے‘ سلمان عبداللہ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیئرمین ضلع کونسل کراچی سلمان عبداللہ مراد نے کہا کہ عوام کی پریشانی سے منہ موڑنا جیالوں کا شیوہ نہیں ہے ہم عوام کے مسائل کا حل ان کی ضروریات کے عین مطابق انجام دینے کیلئے سرگرم عمل ہیں جس میں بتدریج بہتری لائی جا رہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل اسٹیل ٹائون کے علاقے میں نشتر آباد میں سیوریج لائن کے کام کامعائنہ کرتے ہوئے کیا چیف آفیسر مسرور احمد میمن‘ ڈسٹرکٹ انجینئر فضل محمود گل‘ ایکسین عبد الغنی شیخ ‘اے ای ای لیاقت مغل‘ سب انجینئر ابراہیم گل اراکین کونسل میر عباس ٹالپور‘مجاہد جوکھیو ‘محراب بلوچ‘ ابوبکر میمن بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ انجینئر فضل محمود گل اور ایکسین عبدالغنی شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ پیر سیوریج لائن کے حوالے سے نشتر آباد کے لوگوں نے شکایات درج کرائی تھی جس پر اسٹاف کے ہمراہ ایک ہفتے شب و روز محنت کر کے نئی سیوریج کی لائن ڈلوا لی گئی ہے کیونکہ چیئرمین ضلع کونسل کی ہدایت تھی کہ کام کو ہنگامی بنیادوں پر کرایا جائے اس اسکیم سے سیوریج کے مسائل میں واضح کمی آئے گی۔ چیئرمین نے کہا کہ ہر یونین کونسل میں جاری ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لینے کیلئے اعلانیہ دوروں کے ساتھ غیر اعلانیہ دورے بھی کئے جا رہے ہیں گزشتہ ہفتے ہنگامی طور پر سیوریج اسکیم دی گئی تھی جس کا جائزہ لینے آیا تو اسکیم کو مکمل پایا جس کیلئے میں انجینئرنگ ونگ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔