ڈاکٹر عاصم کی تقرری کے خلاف سندھ اسمبلی سمیت دیگر فورمز پر آواز بلند کریں گے ‘خرم شیر زمان

31 جنوری 2018

کراچی(خصوصی رپورٹر) سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے پارلیمانی لیڈر خرم شیرزمان نے ڈاکٹر عاصم حسین کی بطور چیئرمین سندھ ہائر ایجوکشن کمیشن تقرری کے خلاف تحریک التواء سندھ اسمبلی میں جمع کرادی ہے ‘ تحریک التوا ء جمع کرانے کے بعدمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان کا کہنا تھاکہ ڈاکٹر عاصم پر بدعنوانی کے الزمات ہیں ‘ یہ سندھ کے عوام کی بدنصیبی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کی حکومت کے لئے ڈوب مرنے کامقام ہے ‘ پیپلز پارٹی کی پالیسی ہے جو جتنا بڑا چمچہ ہوگا اسے اتنا ہی بڑا عہد ہ دیاجائے گا ‘ ڈاکٹر عاصم کی تقرری سندھ حکومت کے لئے شرمندگی کاباعث ہے ‘ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ڈاکٹر عاصم کی تقرری ہی وزیر اعلیٰ سندھ کی تعلیمی ایمر جنسی ہے ‘ ان کی تقرری کے خلاف سندھ اسمبلی سمیت دیگر فورمز پر آواز بلند کریں گے۔