تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی: ابراہیم ملیزئی

31 جنوری 2018

ملتان (نامہ نگارخصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ڈپٹی سیکرٹری جنرل ابراہیم ملیزئی نے کہا ہے کہ ان کی جماعت آج ملک کی سب سے بڑی سیاسی قوت بن چکی ہے۔ جس کی بنیادی وجہ اس کا انقلابی منشور اور چیئرمین عمران خان کی دیانتداری اور وطن سے محبت ہے وہ گزشتہ روز پی پی 198 کے علاقے یوسی جھکڑپور میں دفتر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان وہ لیڈر ہے جسے اس ملک کی سب سے بڑی عدالت نے صادق اور امین کا سرٹیفکیٹ جاری کیا یہی وجہ ہے کہ آج بڑی تعداد میں لوگ تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔ اب پاکستان تحریک انصاف کو اقتدار میں آنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ بیرسٹر محمد وسیم خان بادوزئی نے کہا عمران خان نے کرپشن کے خلاف جس جہاد کا آغاز کیا اس کے ثمرات اب عوام کے سامنے آنے شروع ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے سینئر نائب صدر ملک سہیل نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا جبکہ علی حیدر خان‘ ناصر ڈیرے وال‘ سفیر اعوان‘ روہیت اسٹیفن‘ ناصرملانہ‘ اعجازملانہ‘ صادق ملانہ‘ عباس کچالا‘ فیضان‘ رائو نسیم‘ عثمان حیدر‘ کاشف مرزا‘ افتخار تارا‘ نعیم رضا‘ ملک سرفراز‘ بلال کھچی‘ شیخ علی‘ شیخ حسن‘ ملک عبدالقدیر اعوان و دیگر بھی موجود تھے۔