کسی کو پینے کاپانی چوری کرنے نہیںدینگے ‘ ہاشم رضا
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ایم ڈی واٹربورڈ سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ شہریوں کے حصے کا پانی کسی کو چوری کرنے نہیں دیں گے ،واٹربورڈ گذشتہ ایک سال کے دوران سیکڑوں غیر قانونی کنکشن منطقع کرچکا ہے آئندہ بھی پانی چوروں کے خلاف برسرپیکار رہیں گے ،شہری پانی چوری سے متعلق کارروائی میں واٹربورڈ سے تعاون کریں ، نام و شناخت صیغہ راز رہے گی،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ سے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی سمیت دیگر عمائدین شہر نے ملاقات کی اور شہریوں کو درپیش فراہمی ونکاسی آب سے متعلق مشکلات سے آگاہ کیا اس موقع پرایم ڈی واٹربورڈ نے انہیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور بعض امور پر فوری احکامات جاری کئے ، انہوں نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واٹربورڈ کا خصوصی ڈسکنکشن اسکواڈ شہریوں کے حصے کا پانی چوری کرنے والوں اور غیر قانونی کنکشن لینے والوں کے خلاف مسلسل سرگرم عمل ہے گزشتہ ایک سال کے دوران پانی چوروں کے خلاف متعدد آپریشن کیئے گئے جس کے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ہیں ، واٹربورڈ شہریوں کو درپیش فراہمی ونکاسی آب کی شکایات کے ازالے کیلئے فوری اقدامات کررہاہے ، یہی وجہ ہے کہ محدود وسائل اور پانی کی طلب کے مقابلے میں کم رسد کے باوجود شہر کے مختلف علاقوں خصوصا ً بلندمقامات پر آباد شہریوں کو دستیاب پانی کی منصفانہ اور مسلسل فراہمی جاری ہے ، ایم ڈی واٹربورڈ نے پانی چوروں اورغیر قانونی کنکشن لینے والے عناصر کے خلاف تین رکنی کمیٹی تشکیل دی جس کے سربراہ ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ٹیکنیکل سروسز اسد اللہ خان ہوں گے ۔