بلدیہ عظمیٰ کے نرسوں کا تنخواہیں وفاق اور صوبوں کے مساوی کرنے کا مطالبہ

31 جنوری 2018

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کے ایم سی نرسز ایسوسی ایشن نے میئر کراچی سے مطالبہ کیا ہے کہ وفاق اور صوبے سندھ کے مساوی تنخواہ الائونس اور دیگر مراعات دی جائیں۔ تفصیل کے مطابق نرسز ایسوسی ایشن تمام تر دستاویزی شواہد کے ہمراہ اپنے جائز مطالبات میئر بلدیہ عظمیٰ کراچی اور متعلقہ حکام کے سامنے پیش کئے ہیں اور درد مندانہ استدعا کی ہے کہ میئر کراچی جلد مطالبات تسلیم کریں اور طفل تسلیوں کے بجائے عملی اقدامات کا مظاہرہ کریں۔ بصورت دیگر مجبوراً اور معاشی صورتحال کی شکار نرسز کو سڑکوں پر آنے سے روکنا مشکل ہوجائے گا۔ وفاق اور سندھ کے مساوی تنخواہ اور الائونسز اور خاص کر ہیلتھ الائونس‘ ڈریس الائونس اور میس الائونس کا فوری

اجراء جو پچھلے 10 ماہ سے التوا اور حکام کی تاخیری پالیسیوں کا شکار ہے۔2011ء میں پروموٹ کی گئی نرسز تاحال حکام بالا کی عدم توجہی کا شکار ہیں اسے فی الفور عملی جامعہ پہنچایا جائے ۔ کے ایم سی بجٹ بک میں نرسنگ کیڈر کو وفاق اور صوبہ سندھ کی طرح اپ گریڈ کیا جائے۔ کے ایم سی میں نرسنگ پوسٹوں پر نرسز کی اپ گریڈیشن اور نیو نرسز کی بھرتی کی جائے۔