خادم اعلیٰ پنجاب کے نام کھلا خط

31 جنوری 2018

مکرمی! موضع سنگرال یو سی چہان 94 تحصیل و ضلع راولپنڈی ایک بڑا گاؤں جس کا بوائز مڈل سکول جو کہ 1962 ء سے تاحال اپ گریڈ نہ ہو سکا۔ سنگرال کی نواحی آبادی‘ جھنڈو سیداں‘ موہڑہ‘ منیالہ‘ ہون گھوال چہڑ اور چھپ وغیرہ کے وہ بچے جو سنگرال سے مڈل کا امتحان کر لیتے ہیں سیکنڈری ایجوکیشن کیلئے دور دراز ادہوال‘ چہان‘ ڈھلہ اور راولپنڈی کے سکولوں کا رخ کرتے ہیں جس سے اذیت اٹھانی پڑتی ہے۔ غریب لوگ بچوں کو سیکنڈری تعلیم دلوا نہیں سکتے۔ محمد خان جونیجو کے دور میں روزنامہ نوائے وقت میں میری ایک کاوش 27-6-1985 کو شائع ہوئی۔ سیکرٹری تعلیم پنجاب نے رپورٹ مانگی لیکن نتیجہ ندارد ۔2004 میں محمد بشارت راجہ وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر خاص تھے تو ان سے سنگرال سکول کی اپ گریڈنگ کی درخواست کی گئی۔ انہوں نے فوری طور پر وزیراعلیٰ کا ڈائریکٹو جاری کرایا۔ زمین وقف کی گئی لیکن ان جانی تعلیمی اور سیاسی شخصیات آڑے آئیں مسئلہ آج تک حل نہ ہو سکا۔ خادم اعلیٰ پنجاب معصوم بچوں اور ان کے والدین کی حالت پر رحم کریں اور بوائز مڈل سکول سنگرال کی ہائی کا درجہ دینے کا حکم صادر فرمائیں۔

(این کے گلفام سنگرال راولپنڈی 0301-5054700 )