ایک طرف ایٹمی قوت دوسری طرف کشکول اٹھائے پھرتے ہیں‘ کرپٹ حکومت سے جتنی جلد جان چھوٹ جائے بہتر ہے: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ کرپٹ حکومت ملک پر وارد ہے اس سے جتنی جلدی جان چھوٹ جائے اتنا ہی بہتر ہے ایک طرف ہم ایٹمی قوت ہیں اور دوسری جانب کشکول گدائی اٹھائے ہوئے پھر رہے ہیں اغیار نفرت سے چند کوڑیاں ہماری جھولی میں ڈال کر اپنے احکامات ماننے پر مجبور کرتے ہیں جو کہ کسی بھی زندہ قوم کیلئے ناقابل برداشت ہوتا ہے۔ آج ملک اندھیروں میں ڈوبا ہوا ہے توانائی کے بحران نے صنعت، تجارت، زراعت اور دیگر شعبوں پر گہرے منفی اثرات مرتب کئے ہیں جبکہ بدترین کرپشن نے بھی ملک کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن اور کھویا ہوا مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔ محنت اور صرف محنت کو شعار بنا کر آگے بڑھنے کا وقت آ گیا ہے نئی نسل پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پنجاب یونیورسٹی کے فیصل آڈیٹوریم میں پنجاب حکومت کے ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کے انقلابی منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں ایڈیٹر انچیف نوائے وقت گروپ اور ممتاز صحافی مجید نظامی، سینیٹر پرویز رشید، ممبر قومی اسمبلی احسن اقبال، صوبائی وزرا، ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، دانشوروں، یونیورسٹی کے وائس چانسلروں، مختلف محکموں کے سیکرٹریوں، اساتذہ اور طلباءو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر آج بھی پاکستان کی تعمیر نو کا فیصلہ کر لیں تو آئندہ چند برسوں میں اس کی تقدیر بدل سکتے ہیں اور اسے صحیح معنوں میں قائد و اقبال کا پاکستان بنا سکتے ہیں۔ یہ کام مشکل ضرور لیکن ناممکن نہیں ہے۔ حکومت پنجاب کا لیپ ٹاپ کی تقسیم کا پروگرام پاکستان کی عمارت کو مضبوط بنیاد فراہم کرے گا، افلاس اور غربت کا خاتمہ، زراعت و صنعت کو توانا بنائے گا۔ انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ کی تقسیم کا کام مارچ تک مکمل کر لیا جائے گا جبکہ آئندہ برس ہونہار طلباءو طالبات میں 3 لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے جس پر 12 ارب روپے خرچ ہوں گے۔ یہ ایک تاریخی دن ہے جب ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ طلباء و طالبات میں ایک لاکھ 10 ہزار لیپ ٹاپ کی تقسیم کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے سے اٹک سے رحیم یار خان تک جدید علوم کی کرنیں پھیلیں گی اور اقبال اور قائد کے خوابوں کو بھی تعبیر ملے گی۔ وطن عزیز بیش بہا قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا تھا، لیکن 64 سال گزرنے کے باوجود آج بھی مشکلات میں گھرا ہے۔ 1971ءمیں قائد کا پاکستان دو لخت ہوا لیکن ہم نے اس سے بھی سبق حاصل نہیں کیا۔ ہمیں ایڈ نہیں بلکہ ٹریڈ اور ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے۔ وقت آ گیا ہے کہ ہم ملک کی تعمیر و ترقی کے لئے محنت، محنت اور صرف محنت کو اپنا شعار بنا کر آگے بڑھیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت صوبے کی تیز رفتار ترقی کے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ نئی نسل پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور اس مقصد کے لئے تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے ایسے اقدامات کئے گئے ہیں، ہم نے وقت ضائع کئے بغیر لیپ ٹاپ بذریعہ ہوائی جہاز منگوائے ہیں اور ایک لاکھ 10 ہزار لیپ ٹاپ کی تقسیم کا عمل رحیم یار خان سے شروع ہوگا اور اسے مارچ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔ لیپ ٹاپ کے لئے انٹرنیٹ کی سہولت کے لئے بھی خصوصی پروگرام وضع کیا گیا ہے۔ انہوںنے لیپ ٹاپ پروگرام پر عملدرآمد پر چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات جاوید اسلم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ تعلیمی شعبے کی بہتری اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے ان کا نام ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی آبادی کا 62 فیصد نوجوانوں پر مشتمل ہے اور یہی پاکستان کی اصل قوت ہے۔ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی قیادت میں سب سے زیادہ توجہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے پر صرف کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی محمد شہباز شریف کی علم سے محبت ڈھکی چھپی نہیں ہے، انہوں نے فروغ تعلیم کیلئے انقلابی اقدامات کئے ہیں۔ 40 ہزار ایجوکیٹرز، 32 ہزار سائنس ٹیچرز کا میرٹ پر انتخاب پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ اور دانش سکولوںکا قیام اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ طلبہ میں لیپ ٹاپ کی فراہمی کے دوررس نتائج نکلیں گے اور اس سے معاشرے میں مثبت اور ٹھوس تبدیلی آئیگی۔ پنجاب یونیورسٹی کے تمام ہاسٹلز میں وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائیگی۔ مجاہد کامران نے کہا کہ دنیا ایک میدان جنگ ہے جہاں قوموں کے درمیان ٹکڑاﺅ ناگزیر ہے اور اس سے فرار ممکن نہیں ہے۔ دنیا میں صرف وہی قوم سرفراز ہے جو تیاری کرتی ہے۔ بقا کے لئے صاحب علم اور قوت ہونا لازمی ہے اور قوت کا سرچشمہ علم ہے۔ علم قوت و دولت کا سرچشمہ اور بقاءکی ضمانت ہے۔ قرآن پاک کی پہلی آیت میں علم اور قلم کا ذکر ہے اور اس کی 722 آیات میں مظاہر فطرت پر غور کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔ غور کرنے اور مظاہر فطرت پر غور سے نئی راہیں تلاش کرنے والی قوم ہی قوت و ترقی حاصل کرتی ہے۔ ملکی قیادت سے درخواست کی کہ کل قومی پیداوار کے کم از کم چار فیصد حصے کو تعلیم کے لئے مختص کیا جائے۔ یہ بات ہماری زندگی بدل دے گی۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ تعلیم کے لئے قومی آمدن کا کم ترین حصہ خرچ کرنے والے دنیا کے 193 ممالک میں پاکستان کا نمبر 186 واں ہے حتیٰ کہ افریقہ کے گمنام ممالک بھی ہم سے زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔ انہوں نے ذہین طلبہ میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کی لانچ کے لئے پنجاب یونیورسٹی کا انتخاب کرنے پر وزیراعلی پنجاب کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میں وزیراعلی پنجاب کا ممنون ہوں کہ انہوں نے سوا لاکھ ہونہار طلباءو طالبات کو بلاقیمت لیپ ٹاپ فراہم کرنے کیلئے منصوبے کی تقریب رونمائی کیلئے ملک کی قدیم ترین اور اہم ترین درسگاہ جامعہ پنجاب کو منتخب کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف پاکپتن کے علاقے قبولہ میں ممبر قومی اسمبلی سلمان محسن گیلانی کی رہائشگاہ گئے اور ان کے والد کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔ سینیٹر پرویز رشید، ملک ندیم کامران، سردار منصب علی ڈوگر، رانا زاہد حسین، ڈاکٹر فرخ جاوید، چودھری جاوید احمد، پیر کاشف چشتی اور سردار واجد علی ڈوگر بھی اس موقع پر موجودتھے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں سینیٹر پروفیسر ساجد میر کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غیر معیاری ادویات کے معاملے کی انکوائری کے لئے ہماری درخواست پر ہائی کورٹ نے جوڈیشل کمشن قائم کر دیا ہے جبکہ ادویات کے نمونے ٹیسٹ کے لئے برطانیہ اور فرانس بھجوائے جا چکے ہیں جن کی آئند چند روز میں رپورٹ متوقع ہے اور اس رپورٹ سے میڈیا و عوام کو آگاہ کیا جائے گا۔ بعدازاں انہوں نے ایک اجلاس میں ہسپتال کے انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا۔ وقت نیوز کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ پی آئی سی کی ادویات کا معاملہ عدالت میں ہے عدالت ہی اسے حل کریگی۔ علاوہ ازیں برطانوی ہائی کمشنر ایڈم تھامسن کے اعزاز میں وزیراعلی شہباز شریف نے ماڈل ٹاﺅن میں اپنی رہائشگاہ پر عشائیہ دیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی نے ملاقات کی اور ان سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔