سعودی عرب کے وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبدالله بن فرحان آل سعود نے مملکت کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ثقافتی اسکالر شپ پروگرام کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔ یہ پروگرام سعودی طلبہ و طالبات کو دنیا کی معروف یونیورسٹیوں میں ثقافت اور فن کے شعبوں میں خصوصی تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔واضح رہے کہ استثنائی اکیڈمک صورتوں کے سوا ،،، ثقافت اور فن کے میدان میں بیرون ملک سعودی اسکالر شپس کا سلسلہ کئی دہائیوں سے منقطع تھا۔ بہرکیف وزیر ثقافت کی جانب سے اس بات کا اعلان کیا گیا ہے کہ سعودی طلبہ کو کئی شعبوں میں تخصص کے لیے اسکالر شپس پیش کی جائیں گی۔ ان میں آثار قدیمہ، ڈیزائننگ، میوزیم، موسیقی، تھیٹر، فلم پروڈکشن، لٹریچر اور بصری فنون شامل ہیں۔
ملک میں ثقافت اور فنون سے متعلق اس تاریخی منصوبے کا اعلان سعودی وزیر ثقافت کی جانب سے 7 نومبر کو کی گئی ٹویٹ کے پونے دو ماہ بعد سامنے آیا ہے۔ اُس ٹویٹ میں وزیر ثقافت نے حیرت انگیز طور پر موسیقی، تھیٹر اور فنون کو مملکت میں تعلیمی نصاب میں واپس لانے کا اعلان کیا تھا۔