اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کے 2نئے ممبران کی تعیناتی کے لیے 15جنوری تک کی مہلت دے دی۔منگل کوچیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ اطہر من اللہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے کیس کی سماعت ہوئی، اس موقع پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس میں کہا کہ اگر پرانے ناموں پر اتفاق نہیں ہورہا تو نئے نام دے دیں، قائد ایوان اور اپوزیشن لیڈر 22کروڑ میں سے ایک بندہ نہیں ڈھونڈ سکتے تو یہ درست نہیں، عدالت توقع کرتی ہے 22کروڑ عوام میں سے کسی قابل شخص پر اتفاق ہو جائے گا۔قومی اسمبلی کے لیگل ایڈوائزر نے کہا کہ آخری اجلاس کل ہوا تھا مگر دھند کی وجہ سے کچھ ممبرز نہیں آ سکے، گذشتہ کمیٹی نے جو رولز بنائے تھے وہ موجودہ حالات میں قابل عمل نہیں تاہم 10 دن کا وقت دے دیں، آئندہ سماعت پر آپ کو گڈ نیوز دیں گے۔عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد الیکشن کمیشن کے 2نئے ممبران کی 15جنوری تک تعیناتی کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے آئندہ سماعت تک پارلیمنٹ عوام کو خوشخبری سنائے گی، عدالت نے کیس کی مزید سماعت 15جنوری تک ملتوی کردی۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38