اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے بھی سندھ میں گورنر راج کی باتوں کی مخالفت کردی۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر شہبازشریف نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کی۔صحافی نے شہبازشریف سے سندھ میں گورنر راج سے متعلق سوال کیا جس پر اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ سندھ میں گورنر راج کی کوئی وجہ نہیں، کس بات پر گورنر راج لگایا جائے گا۔
ایک صحافی کی جانب سے صحت سے متعلق دریافت کرنے پر شہبازشریف نے بتایا کہ ان کی کمر میں درد ہے، الله خیر کرے گا۔
بعدازاں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے نیب سے زیر التواء کیسز کے حوالے سے بریفنگ لینے کا فیصلہ موخر کر دیا۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا جو اجلاس یکم جنوری 2019 کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ہو رہا ہے اس کے ایجنڈے میں سے زیر التواء کیسز پر نیب کی بریفنگ ملتوی کر دی گئی ہے، کمیٹی کا باقی ایجنڈے وہی رہے گا۔یاد رہے کہ چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی شہباز شریف نے گزشتہ اجلاس میں نیب سے 168 زیرالتواء کیسز کی تفصیلات طلب کی تھیں جس کے لیے نیب حکام کو منگل کی دوپہر 2 بجے پارلیمنٹ ہائوس بلایا گیا تھا۔ نوٹیفکیشن میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ نیب کی جانب سے کمیٹی کو اب بریفنگ کب دی جائے گی۔