پیپلز پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک بنتا نظر نہیں آرہا: میئر کراچی وسیم اختر
ملتان (آئی این پی) مئیر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی صورت حال کی ذمہ داری صوبائی اور وفاقی حکومت پر ہے ، جب تک اختیارات نیچے منتقل نہیں کئے جائیں گے تب تک مسائل حل نہیں ہوں گے ، پورا ملک منی لانڈرنگ کی زد میں ہے، منی لانڈرنگ بہت پہلے سے جاری تھی توجہ اب دی جا رہی ہے،مجھے پیپلز پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک بنتا نظر نہیں آ رہا ، مختلف بیانات کے ذریعے سیاسی صورت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ملتان میں شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مئیر کراچی نے کہا کہ کب تک سیاسی رہنما ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی ذمہ داری ہے کہ لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے ، جبکہ پولیس ساری پروٹوکول پر ہے، انہوں نے کہا کہ پورا ملک منی لانڈرنگ کی زد میں ہے، منی لانڈرنگ بہت پہلے سے جاری تھی توجہ اب دی جا رہی ہے۔وسیم اختر نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے دروازے کھلے ہیں، ہم نئے صوبوں کے حق میں ہیں ، نئے صوبے بننے سے مسائل حل ہوں گے ، ان کا مزید کہنا تھا کہ اٹھاویں ترمیم کو ختم نہیں ہونا چاہئے، اختیارات نیچے منتقل ہونے چاہیئں تا کہ نظام مضبوط ہو ۔میئر کراچی نے کہا کہ مجھے پیپلز پارٹی میں کوئی فارورڈ بلاک بنتا نظر نہیں آ رہا ، مختلف بیانات کے ذریعے سیاسی صورت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔