آرٹس کونسل کے الیکشن میں احمد شاہ‘ اعجاز فاروقی پینل کامیاب

31 دسمبر 2013

کراچی (کلچرل رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے سالانہ انتخابات برائے 2014ءکےلئے احمد شاہ‘ اعجاز فاروقی پینل نے نمایاں کامیابی حاصل کرلی۔ پیر کی صبح آرٹس کونسل کے انتخابات کے نتائج کا اعلان کمشنر کراچی اور آرٹس کونسل کراچی کے چیئرمین شعیب احمد صدیقی نے کیا۔ نتائج کے مطابق صدر کےلئے خلیل احمد نینی تال والا کے مقابلہ میں پروفیسر اعجاز احمد فاروقی نے 1447ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ شہر قائد پینل سے ان کے مقابل خلیل احمد نینی تال والا نے 919ووٹ حاصل کئے۔ نائب صدر کے امیدوار محمود احمد خان نے 1585 ووٹ حاصل کرکے شہر قائد کے خالد ملک چاﺅلہ کو شکست دے دی چاﺅلہ نے 733ووٹ حاصل کئے۔ سیکریٹری کے عہدے کےلئے محمد احمد شاہ اور نجم الدین شیخ میں سخت مقابلہ ہوا جس میں محمد احمد شاہ نے 1326ووٹ لے کر سبقت حاصل کرلی جبکہ نجم الدین شیخ نے 1057ووٹ حاصل کئے۔ احمدشاہ پینل سے جوائنٹ سیکریٹری کےلئے شہناز صدیقی نے 1524ووٹ حاصل کرکے بھرپور کامیابی حاصل کی جبکہ شہر قائد کے ڈاکٹر بلند اقبال صدیقی نے 834ووٹ حاصل کئے۔ خازن کے عہدے کےلئے ڈاکٹر ہمامیر نے 1519 ووٹ لے کر نمایاں کامیابی حاصل کرلی جبکہ ایس ایم شجاع نے 730ووٹ حاصل کئے۔ احمد شاہ‘ اعجاز فاروقی پینل سے گورننگ باڈی کے مکمل 12ارکان منتخب ہوئے جن میں قدسیہ اکبر‘ اطہر وقار عظیم‘ سہیل احمد‘ کاشف گرامی‘ ایس ایم قیصر سجاد‘ نازش بروہی‘ پروفیسر سحر انصاری‘ محمد اقبال لطیف‘ فرہاد زیدی‘ فاطمہ ثریا بجیا‘ منور سعید اور حسینہ معین شامل ہیں۔ انتخابات میں منتخب عہدیداروں میں سب سے زیادہ ووٹ 1585 نائب صدر کے امیدوار محمود احمد خان نے حاصل کئے پروفیسر سحر انصاری گزشتہ برسوں میں بھی سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے کامیاب امیدوار رہے ہیں۔