پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج شروع ہو گا

31 دسمبر 2013
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ آج شروع ہو گا

 لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج منگل سے شیخ زید سٹیڈیم، ابوظہبی میں شروع ہو گا۔ پاکستانی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبدالرحمان، عدنان اکمل، احمد شہزاد، اسد شفیق، اظہر علی، جنید خان، خرم منظور، محمد حفیظ، محمد طلحہ، راحت علی، سعید اجمل، شان مسعود، عمر گل اور یونس خان شامل ہیں۔ سری لنکا کی کپتانی کے فرائض اینجلو میتھیوز انجام دیں گے جبکہ اسے کمار سنگا کارا، مہیلا جائے وردنے، رنگنا ہیراتھ، دنیشن چندیمل اور نوان کلاسیکرا کی خدمات حاصل ہوں گی۔ 1982 سے اب تک دونوں ٹیموں کے مابین 43 ٹیسٹ کھیلے گئے جس میں پاکستان نے 16 اور سری لنکا نے 10 میں کامیابی حاصل کی جبکہ 17 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔ اس سے قبل پاکستان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز 3-2 سے اپنے نام کر چکا ہے جبکہ دو ٹی 20 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر رہی۔ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 8 سے 12 جنوری تک دبئی جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 16 سے 20 جنوری تک شارجہ میں کھیلا جائے گا۔