بھارت کو آخری ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست، سیریز جنوبی افریقہ نے جیت لی
بھارت کو آخری ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست، سیریز جنوبی افریقہ نے جیت لی
ڈربن(آئی این پی) جنوبی افریقہ کی ٹیم کا بھارت کیخلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا آخری میچ اور سیریز جیت کرٹیسٹ کرکٹر سے ریٹائر ہونے والے اپنے نامور آل راﺅنڈر جیک کیلس کو شاندار تحفہ‘ بھارت کو آخری ٹیسٹ میں 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-0 سے جیت لی ‘ مضبوط بھارتی بیٹنگ لائن جنوبی افریقن باﺅلرز کے سامنے دوسری اننگزمیں ریت کی دیوا رکی طرح ڈھے گئی ‘ پوری ٹیم 223 رنز پر آﺅٹ ہو گئی ‘ جنوبی افریقہ نے کامیابی کیلئے 58 رنز کا ہدف صرف 11.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا ‘ ڈیل سٹین کو میچ میں شاندار باﺅلنگ کرتے ہوئے 9 وکٹیں لینے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔پیر کو میچ کے آخری روز بھارت نے اپنی دوسری اننگز 2 کھلاڑیوں کے آﺅٹ ہونے پر 68 رنز سے شروع کی تو اس کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح جھڑنے لگیں ۔جنوبی افریقہ کو اپنی پہلی اننگز کی 166 رنز کی برتری کی وجہ سے جیت کیلئے 58 رنز کا ٹارگٹ ملا جو کپتان گریم سمتھ اور پیٹرسن نے 11.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کر کے ٹیم کو میچ اور سیریز میں فتح دلوائی۔