چین: کاشغر میں تھانے پر حملہ‘ جوابی کارروائی میں 8 حملہ آور جاں بحق
کاشغر(آن لائن) چین کے صوبہ سنکیانگ کے شہر کاشغر میں پولیس سٹیشن پر حملہ کرنیوالے 8 افراد جوابی کارروائی میں مارے گئے۔ ۔سنکیانگ حکومت کے مطابق یہ واقعہ پیر کو جنوبی سنکیانگ کے شہر کاشغر کے قریب یارقند کاؤنٹی کے علاقے میں پیش آیا۔مختصر سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’صبح ساڑھے چھ بجے چاقوؤں سے مسلح نو افراد نے کاشغر کی یارقند کاؤنٹی میں ایک تھانے پر حملہ کیا۔ عمارت میں دھماکہ خیز مواد پھینکا اور پولیس کی کاروں کو نذرِ آتش کر دیا۔ جس کے بعد مقامی پولیس نے جوابی کارروائی کی اور آٹھ حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا اور ایک کو گرفتار کر لیا گیا۔ اس سے قبل 16 دسمبر کو مسلح افراد اور پولیس کے مابین جھڑپوں میں دو اہلکاروں سمیت 16 افراد مارے گئے تھے جبکہ نومبر میں بھی کاشغر کے نواح میں ایک پولیس سٹیشن پر حملے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکاروں کے علاوہ نو افراد ہلاک ہوئے تھے۔چین کے صوبہ سنکیانگ یغور مسلمانوں کی اکثریت ہے اور حکومت تشدد کے الزامات روایتاً انتہا پسندوں پر عائد کرتی رہتی ہے۔