مشرف کیخلاف کیس، طاہر القادری، عمران کے ملنے کو ایک تناظر میں دیکھا جائے: رانا ثنا
فیصل آباد (این این آئی) صوبائی وزیر قانون و بلدیات رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جمہوریت مستحکم ہے، 65 سال سازشوں سے زخم کھائے ہیں اب کوئی اور آپشن نہیں اس لئے حکومت کو آئین کے مطابق کام کرنے دیا جانا چاہیے ،علامہ طاہر القادری پھر کسی سازش کے تحت میدان میں آئے ہیں، پرویز مشرف کے خلاف غداری کا مقدمہ جبکہ طاہر القادری اور عمران خان کے اسی وقت ملنے کو ایک ہی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شفاف الیکشن کے نتیجے میں جمہوری حکومت وجود میں آئی ہے۔ طاہر القادری پرویز مشرف کیخلاف مقدمے کے وقت سرگرم ہوگئے ہیں، پرویز مشرف کے خلاف دائر کیس میں ان پر الزامات کی تفصیلات موجود ہیں، آئین توڑنے والوں کو سزا ضرور ملے گی۔ غداری کے مقدمے کے وقت طاہر القادری کا سرگرم ہونا اور عمران خان کا ان سے ملنا ایک ہی تناظر میں دیکھا جائے۔ بلاول بھٹو زرداری ابھی سیاست سے ناواقف ہیں انہیں الفاظ کا چنائو سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔ انہوں نے فیصل آباد میں ٹریفک انجینئرنگ پلاننگ ایجنسی (ٹیپا )کا افتتاح کر تے ہوئے کہا کہ فیصل آباد میں ادارے کی تشکیل بروقت ہے۔