پاکستان کا جنوبی سوڈان کے بحران کو حل کرنے کےلئے سیاسی کوششیں تیزکرنے کی ضرورت پر زور
پاکستان کا جنوبی سوڈان کے بحران کو حل کرنے کےلئے سیاسی کوششیں تیزکرنے کی ضرورت پر زور
نیویارک (اے پی پی) پاکستان نے جنوبی سوڈان کے بحران کےلئے سیاسی سطح پر کوششیں تیز کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے اورکہا ہے کہ لاکھوں افراد کو بے گھر کرنے اور ہزاروں افراد کی ہلاکتوں کے باعث بننے والے جنوبی سوڈان کے بحران کو حل کرنے کی فیصلہ کن کوششوں کےلئے اقوام متحدہ کے امن مشن کو بھی مضبوط بنایا جانا چاہئے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس میں پاکستان کے مندوب مسعود خان نے کہا کہ جنوبی سوڈان میں فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی اور امن مذاکرات کی ضرورت ہے۔ پاکستانی مستقل مندوب نے سلامتی کونسل کو بتایا کہ جنوبی سوڈان میں لڑائی کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اس مسئلہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے اور ضرورت اس بات کی ہے کہ نسلی بنیادوں پر لڑنے والے گروہوں کو سیاسی طور پر مفاہمت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی سوڈان کی صورتحال بہت زیادہ نازک ہو گئی ہے۔ مسعود خان نے مزید کہا کہ پاکستان سیکرٹری جنرل بان کی مون کی امن مشن میں بھیجنے بارے درخواست پربڑی احتیاط سے غور کر رہا ہے۔