کراچی: رینجرز کی گاڑی پر بم حملہ، شہریوں، پولیس نے 4 مبینہ ڈاکو مار ڈالے

31 دسمبر 2013
کراچی: رینجرز کی گاڑی پر بم حملہ، شہریوں، پولیس نے 4 مبینہ ڈاکو مار ڈالے

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + کرائم رپورٹر)  کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون سیکٹر 11 میں  شہریوں نے  گھر میں واردات  کیلئے آنیوالے 2 ڈاکوئوں بابر اور بہادر  کو قابو کرکے شدید تشدد  کا نشانہ بنایا اور زخمی حالت میں پولیس کے حوالے  کردیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ گئے۔  ان ڈاکوئوں  کے ورثاء  نے الزام لگایا کہ  ایس ایچ او  تھانہ مومن  آباد نے ہمارے ساتھ  رنجش کی بنیاد پر  بابر اور بہادر  کو ڈاکو قرار دیا اور لوگوں  کے ہاتھوں  مروا دیا۔  رینجرز  نے  مشتعل افراد کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ بھی کی  ادھر سہراب گوٹھ  انڈسٹریل  ایریا میں  موٹرسائیکل سوار 3 ڈاکوئوں  نے روکنے کے اشارے  پر پولیس  پر فائرنگ کر دی جس سے 2 ڈاکو  بشیر اصغر اور کریم حسن  ہلاک جبکہ اصغر کو گرفتار  کر لیا گیا۔ ادھر لیاری  کے علاقے گلستان کالونی میں رینجرز  نے فیصل پٹھان  گروپ کے ٹھکانے  پر چھاپہ  مار کر  مغوی بیکری مالک تنویر احمد کو بازیاب اور 3 اغوا کاروں  جہانگیر بلوچ،  سلیم بلوچ  اور ذوہیب  کو گرفتار کر لیا علاوہ ازیں  سائٹ میں میٹرول کے قریب نامعلوم  افراد نے رینجرز  کی گاڑی پر دستی بم  پھینک دیا جس  کے پھٹنے  سے گاڑی کو نقصان پہنچا۔ 2 راہگیر  زخمی ہو گئے تاہم  رینجرز  اہلکار محفوظ رہے،  دھماکے سے علاقہ لرز اٹھا  اور لوگوں  میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس اور رینجرز  نے علاقے کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی۔ ماڑی  پور روڈ پر مشرف کالونی  کے گھر میں ایک خاندان کے 4 افراد کو بیدردی  سے قتل کرنیوالے 2 افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ 4 مفرور ہیں جس کی تلاش جاری ہے۔ ڈی آئی جی  ویسٹ  نے بتایا کہ ملزموں کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔ انہوں  نے فائرنگ کرنے سے قبل  ماں اور بیٹی سے زیادتی کی تھی واضح رہے کہ مشرف کالونی 500 کوارٹر کے علاقے میں نمک فیکٹری کے قریب گھر سے 45 سالہ  مظفر اس کی بیوی 40 سالہ شازیہ،  بیٹے  20 سالہ عمران اور 18 سالہ سمیر  کی نعشیں  اور 16 سالہ لڑکی منیزہ  شدید زخمی  حالت میں ملی تھی انہیں گینگ وار کے ملزموں نے دیوار کے ساتھ کھڑا کرکے گولیاں ماریں نشانہ بننے  والے  خاندان کا تعلق  کھچی  برادری سے ہے۔ ادھر متحدہ  کی رابطہ کمیٹی  نے اس واقعہ  کو سفاکانہ  اور وحشیانہ  قرار دیتے ہوئے  اس کی شدید مذمت  کی ہے۔  بیان میں کہا گیا کہ لیاری گینگ وار کے دہشت گردوں  نے مظفر بیگ  کے اہلخانہ  کو اغوا  کرکے ہاکس  بے  میں قتل اور زیادتی  کا نشانہ بنایا ملزموں  کو فوری گرفتاری کرکے قرار واقعی سزا دی جائے۔ علاوہ ازیں آئی این پی  کے مطابق کراچی میں نیو ایئر نائٹ کے موقع پر (آج) منگل کی شب موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی، بغیر سائیلنسر موٹرسائیکل چلانے اور آتش بازی سمیت اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی۔ حکومت سندھ کے مطابق  سکیورٹی کے پیش نظر (آج) منگل کونیوایئرنائٹ کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی رہے گی ۔ ایک دن کے لئے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ بغیر سائیلنسر موٹر سائیکل چلانے ، آتش بازی کرنے سمیت اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ پر بھی پابندی رہے گی ۔ نیو ایئر نائٹ کے موقع پر خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ادھر پولیس نے سہراب گوٹھ  میں پولیو ٹیم پر  حملے  کے ملزم نور اللہ عرف امیر  حمزہ  کو گرفتار کر لیا جس کا تعلق  کالعدم تنظیم سے ہے۔ادھر کراچی میںپیر کو فائرنگ  کے واقعات  میںدو افراد ہلاک  اور تین افراد زخمی ہوگئے۔  گارڈن  کے علاقے دھوبی گھاٹ    میںپیر کی صبح ایک شخص    کی لاش ملی جسے  فائرنگ کر کے ہلاک کیاگیا تھا۔ پولیس کے مطابق  مقتول کی عمر تقریباً  30 سال تھی تاہم فوری طور پر  اس کی شناخت نہیں  ہو سکی  ہے۔ ادھر عثمان آباد کے  علاقے  نور محمد ولیج  میں مسلح افراد نے ایک شخص  عارف ولد یوسف   بلوچ کو فائرنگ کر کے ہلاک کردیا اور فرار ہوگئے۔