لاہور میں درجہ حرارت صفر، شمالی بلوچستان میں سردی کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا
لاہور، کوئٹہ+ اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ بیورو رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں سردی بڑھ گئی ہے۔ لاہور بھی سرد ہواؤں کی لپیٹ میں ہے درجہ حرارت صفر ہو گیا، محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کر دی۔ شمالی بلوچستان میں بھی سردی کا 30 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا نلکوں میں پانی جم گیا اور سٹرکیں سنسان ہو گئیں۔ اسلام آباد میں بھی درجہ حرارت نقطہ انجماد سے تین درجے نیچے آ گیا۔ نجی ٹی کے مطابق لاہور میں شدید سردی کے باعث لوگ گرم کپڑوں کا استعمال کر رہے ہیں موٹرسائیکل سواروں کو خاص انتظام کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ نئے سال کے آغاز پر لاہور میں بارش کا امکان ہے۔ اکثر علاقوں میں دھند بھی پڑ سکتی ہے۔ ملک کے بالائی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے جھرنوں اور جھیلوں کا پانی برف بن گیا ہے۔ وزیرستان میں 5 سال بعد برفباری سے سردی بڑھ گئی۔ خیبر پی کے پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سردی کا راج ہے۔ سب سے کم درجہ حرارت قلات میں منفی 15، کوئٹہ منفی 13، سکردو منفی 12، پارا چنار منفی10 اور دیر میں منفی چار رہا۔ چمن میں درجہ حرارت منفی 17 تک گر گیا وادی کوئٹہ سائبیریا سے چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کی لپیٹ میں ہے۔ پانی برف بن گیا ہے۔ اسلام آباد میں موسم کا سرد ترین دن رہا۔ درجہ حرارت منفی تین تک گر گیا۔ محکمہ موسمیات نے سردی میں مزید اضافے کی پیش گوئی کردی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اسلام آباد، مالاکنڈ، پشاور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ آج شام اور کل مری اورگلیات میں کہیں کہیں برف باری کا امکان ہے۔ کوئٹہ اور گرد و نواح میں درجہ حرارت منفی 13تک جا پہنچا ہے۔ شدید سردی سے سڑکیں سنسان‘ نلکوں اور ٹنکیوں سے بہننے والا پانی جہاں تھا وہیں جم گیا۔ نہ گاڑیاں چلنے کو تیار ہیں۔