وزیراعظم کے پختہ عزم، نیک نیتی کے سامنے کوئی بحران نہیں ٹھہر سکے گا: حمزہ
لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے پختہ عزم اور نیک نیتی کے سامنے دہشت گردی، توانائی بحران اور مہنگائی سمیت کوئی بحران نہیں ٹھہر سکے گا۔ اہل پاکستان نے وزیر اعظم نواز شریف کو قومی مسائل کے حل کی جو ذمہ داری سونپی ہے وہ اس پر خوش اسلوبی سے پورا اتریں گے اور مسلم لیگ (ن) کی قیادت پانچ سالوں میں ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر کے آئندہ عام انتخابات میں عوام کی عدالت میں سرخرو ہو گی۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز خوشاب میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر امیر مختار سنگا کی مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگی رہنماؤں محسن رانجھا، وارث کلو ، سعود مجید ، سعید اکبر نوانی ، عمران علی گورائیہ ، منشاء اللہ بٹ ، ڈاکٹر غوث نیازی، سمیرا ملک اور آمنہ ملک سمیت علاقے کی اہم شخصیات موجود تھیں۔ حمزہ شہباز نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوام کے دل وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی قیادت عوام کو دیرینہ مسائل سے نجات دلانا اپنا فرض عین سمجھتی ہے اور اس مقصد کے لئے اپنا دن رات ایک کئے ہوئے ہے۔ حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ ضلع خوشاب کے مسائل حل کر کے اس علاقے کو ترقی و حوشحالی کی مثال بنا دیا جائے گا۔ امیر مختار سنگا ہماری ہی پارٹی کا اثاثہ ہیں جو اب دوبارہ ہم سے مل گئے ہیں۔ ان کا یہ فیصلہ نہ صرف پارٹی بلکہ ضلع خوشاب کے عوام کے لئے بھی ہر لحاظ سے خوش آئند ہے۔ خوشاب میں ڈگری کالج اور نہری پانی کے مسائل ترجیحی طور پر حل کئے جائیں گے اور آئندہ ضمنی الیکشن میں سمیرا ملک کے صاحبزادے عزیر ملک کی کامیابی کے بعد وہ خود شہر میں آ کر ان سکیموں کا افتتاح کریں گے۔ قبل ازیں مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے پی ٹی آئی کے رہنما امیر مختار سنگا نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہیں مسلم لیگ ن کے قائدین نواز شریف اور شہبازشریف کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے اور وہ اور ان کے ساتھی مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم سے ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔