سعودی وزیر خارجہ سعود الفیصل آئندہ ہفتے اہم دورے پر پاکستان آئینگے

31 دسمبر 2013

اسلام آباد (جاوید صدیق) سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل کا اگلے ہفتے پاکستان کا دورہ متوقع ہے۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ سعودی وزیر خارجہ ایک اہم دورے پر پاکستان آئیں گے جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کے علاوہ دونوں ملکوں کے سٹریٹجک مفادات، علاقائی مسائل اور عالمی معاملات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ سعودی عرب کی کسی اعلیٰ سطح کی شخصیت کا یہ دورہ طویل وقفے کے بعد ہو رہا ہے۔ دورے میں پاکستان اور سعودی عرب کے دوطرفہ تعلقات، تجارتی تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت اہم امور پر بات چیت شامل ہو گی۔ وفد میں کئی اہم سعودی عہدیدار بھی شامل ہوں گے۔ وہ شاہ عبداللہ کا اہم پیغام بھی پاکستانی قیادت کو پہنچائیں گے۔